ایف بی آر کے جرمانوں کے نوٹس، لاڑکانہ میں ڈاکٹروں کی احتجاجی تحریک شروع

لاڑکانہ (احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) نجی میڈیکل سینٹرز کو ایف بی آر کی جانب سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے جرمانے کے نوٹس جاری کیے جانے کے خلاف لاڑکانہ میں ڈاکٹروں نے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا۔

پرائیویٹ میڈیکل سینٹر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر خورشید احمد عباسی سمیت دیگر عہدیداران ڈاکٹر سکندر مغل، عبدالمنان بھٹو، فاروق شیخ، دیالی گل اور ارشاد ابڑو سمیت متعدد ڈاکٹروں نے لاڑکانہ پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹروں نے ایف بی آر کی جانب سے نجی میڈیکل سینٹرز کو مبینہ طور پر جاری کیے گئے 10 لاکھ روپے تک کے جرمانے کے نوٹس واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیور سسٹم سے متعلق ایف بی آر حکام سے پہلے مشاورت کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں مزید رابطے کے بغیر جرمانوں کے نوٹس جاری کردیئے گئے۔

ڈاکٹروں نے مؤقف اختیار کیا کہ سیلز ٹیکس کا اضافی بوجھ بالآخر مریضوں پر منتقل ہوگا، جس کے نتیجے میں طبی فیسوں میں اضافہ ہوسکتا ہے اور عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کو مشاورت کے ذریعے حل کیا جائے۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو قانونی کارروائی کے ساتھ مزید پرامن احتجاج بھی کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button