پنجاب میں امپورٹڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن پالیسی تبدیل،ایک سال تک ٹرانسفرپرپابندی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پنجاب میں امپورٹڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر پالیسی میں اہم تبدیلی کردی گئی، نئی پالیسی کے تحت امپورٹڈ گاڑی رجسٹریشن کے بعد ایک سال تک ٹرانسفر نہیں ہوسکے گی۔
ایکسائز حکام کے مطابق اس سے قبل امپورٹڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے ساتھ ہی انہیں فوری طور پر خریدار کے نام پر منتقل کیا جارہا تھا، تاہم نئی پالیسی کے تحت گاڑی صرف اسے امپورٹ کرنے والے شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہوگی۔
حکام کے مطابق گاڑیاں تین کیٹیگریز، ذاتی استعمال، گفٹ اور ریزیڈنس کے تحت امپورٹ کی جارہی تھیں اور تینوں کیٹیگریز میں رجسٹریشن کے بعد گاڑی فوری طور پر دوسرے شخص کے نام پر ٹرانسفر ہوجاتی تھی۔
نئی پالیسی کے تحت اب خریدار کو گاڑی اپنے نام منتقل کرانے کے لیے ایک سال انتظار کرنا ہوگا۔ محکمہ ایکسائز نے نئی ٹرانسفر پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اپنے سسٹم میں چیک بھی لگا دیا ہے۔
ایکسائز حکام کے مطابق پنجاب بھر میں گاڑیوں کی مجموعی رجسٹریشن میں اوسطاً 20 فیصد امپورٹڈ گاڑیاں شامل ہوتی ہیں، جبکہ نئی پالیسی کے باعث محکمہ ایکسائز کو ریونیو کی مد میں بڑے پیمانے پر نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔



