گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، جس میں بین الصوبائی روابط، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بلوچستان پاکستان سے ہے اور پاکستان بلوچستان سے ہے، بلوچستان کے عوام اپنے صوبے اور ملک سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے بلوچستان میں مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں اور پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔
سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے، سیاست عوام کی خدمت، ان کی مشکلات اور مسائل کو عملی طور پر حل کرنے کا نام ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو کو مل کر آئندہ الیکشن میں وزیراعظم پاکستان بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز نے صوبے میں امن قائم کرنے کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں ترقی کی طرف گامزن ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کچھ ملک دشمن عناصر بلوچستان میں بدامنی اور انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، تاہم وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور انہیں منہ کی کھانی پڑے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور کو عوام کے لیے کھول کر عوامی گورنر ہونے کا ثبوت دیا ہے۔



