صوبہ ہزارہ تحریک کا بڑا اعلان، اکتوبر میں 3 کنونشن ہوں گے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے عوامی رابطہ مہم کا اعلان کرتے ہوئے اکتوبر میں 3 بڑے کنونشن منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

سردار محمد یوسف نے سینیٹر طلحہ محمود کی رہائش گاہ پر صوبہ ہزارہ تحریک کی سینئر قیادت کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 4 اکتوبر کو ہری پور، 11 اکتوبر کو بٹگرام جبکہ 18 اکتوبر کو کراچی میں صوبہ ہزارہ کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔

اجلاس میں مرکزی کوآرڈی نیٹر پروفیسر سجاد قمر، بریگیڈیئر (ر) شہزاد اعوان، امتیاز اسٹور کے چیئرمین امتیاز عباسی، مولانا چراغ الدین شاہ، قاری محبوب الرحمن اور سینئر صحافی اشتیاق عباسی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ صوبہ ہزارہ تحریک اس سے قبل بھی ملک کے مختلف علاقوں میں جلسے، جلوس اور ریلیاں کرچکی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی صوبہ ہزارہ کے قیام کے حق میں متعدد مرتبہ قراردادیں منظور کرچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کے دونوں ایوانوں میں بھی صوبہ ہزارہ سے متعلق بل موجود ہے، اب تحریک نے دوبارہ عوام سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان کے بقول صوبہ ہزارہ کے لیے بھرپور عوامی تائید اور حمایت حاصل ہے۔

سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ مرکز سے صوبوں تک تو جاتا ہے لیکن وسائل صوبوں سے نچلی سطح تک نہیں پہنچتے۔انہوں نے کہا کہ 4 اکتوبر کو ہری پور میں بھرپور صوبہ ہزارہ کنونشن ہوگا، جس میں سول سوسائٹی، علماء، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button