پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ کھلے اور تعمیری تعاون پر مبنی ہوگی،اسحاق ڈار

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی چیئرمین شپ کھلے، جامع اور تعمیری تعاون پر مبنی ہوگی، جبکہ تنظیم کے مشترکہ وژن کو عملی تعاون اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں ایس سی او رکن ممالک کے قومی کوآرڈینیٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بھارت سمیت تمام رکن ممالک کے نمائندوں کا خیرمقدم کیا۔ پاکستان نے ستمبر 2026 میں ایس سی او کی 2026-27 کی چیئرمین شپ سنبھالی ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران باہمی اعتماد، مساوات، مشاورت اور مشترکہ ترقی کے اصول رہنما ہوں گے۔ ان کے مطابق ایس سی او کے مشترکہ وژن کو عملی اقدامات اور ٹھوس نتائج میں ڈھالنا وقت کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی چیئرمین شپ کا موضوع “وژن کو عمل میں بدلنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی” ہے، جس کے تحت رکن ممالک کے درمیان رابطوں، جدت، اقتصادی تعاون اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی کے ذریعے ایس سی او وژن کو عملی شکل دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رکن ممالک کے درمیان قریبی رابطہ پاکستان کی کامیاب چیئرمین شپ کے لیے اہم ہوگا۔
اجلاس میں پاکستان کی میزبانی میں 2027 کے ایس سی او سربراہانِ مملکت اجلاس کی تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزارت خارجہ کے مطابق یہ اجلاس اگست 2027 میں اسلام آباد میں منعقد ہونا ہے۔



