مون سون سیزن ختم، بارشوں کے اعداد و شمار نے سب کو چونکا دیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)رواں سال مون سون سیزن کے دوران سندھ ملک کا سب سے کم بارش والا صوبہ رہا، جبکہ کراچی میں جولائی سے ستمبر تک معمول کے مقابلے میں 92 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم جولائی سے 30 ستمبر تک پاکستان میں مجموعی طور پر 120.5 ملی میٹر بارش ہوئی، جو معمول سے 19.3 فیصد کم ہے۔رپورٹ کے مطابق سندھ میں مون سون کے دوران صرف 71.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو معمول سے 50.8 فیصد کم رہی۔ اس طرح سندھ مون سون سیزن کے دوران ملک کا سب سے کم بارش والا صوبہ رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مون سون بارشیں معمول سے 92 فیصد کم رہیں، جبکہ بلوچستان میں 33.7 فیصد، آزاد کشمیر میں 18.4 فیصد، خیبرپختونخوا میں 16.3 فیصد اور پنجاب میں 3.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان ملک کا واحد خطہ رہا جہاں مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارش ہوئی۔ یہاں بارش معمول سے 4.6 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں میں کمی کی بڑی موسمیاتی وجوہات میں ال نینو کی تشکیل اور اس کے اثرات بھی شامل رہے۔ ال نینو عالمی اور علاقائی موسمیاتی نظام میں تبدیلیاں پیدا کرسکتا ہے، جس کے باعث جنوبی ایشیا میں مون سون کی شدت اور بارشوں کا نظام متاثر ہوتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال پاکستان کے پڑوسی ممالک میں بھی مون سون بارشیں معمول سے نمایاں کم رہیں۔

مزید خبریں

Back to top button