دو دہائیوں بعد عراق سے امریکی افواج کا انخلا مکمل

بغداد (جانو ڈاٹ پی کے)دو دہائیوں سے زائد عرصے تک عراق میں موجود رہنے کے بعد امریکی افواج نے ملک میں اپنا فوجی مشن باضابطہ طور پر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عراق سے انخلا مکمل کرلیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی فوجی مشن کے خاتمے کے موقع پر عراقی فوج نے دارالحکومت بغداد اور نجف کی سڑکوں پر فوجی گاڑیوں کے ساتھ پریڈ کی۔
عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یکم اکتوبر کو ’’یومِ خودمختاری‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان بھی کیا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق عراقی حکومت کا مؤقف ہے کہ غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد ایران نواز دھڑوں کے پاس اسلحہ رکھنے کا وہ جواز ختم ہوجائے گا جسے وہ ماضی میں استعمال کرتے رہے ہیں۔
امریکا اور عراق کے درمیان 2024 میں امریکی فوجی مشن کے خاتمے پر اتفاق ہوا تھا، جس کے بعد امریکی فوجی مرحلہ وار ملک بھر میں قائم اڈوں سے نکلتے گئے اور بعد ازاں ان کی موجودگی شمالی عراق کے خودمختار کردستان کے علاقے تک محدود ہوگئی تھی۔امریکی افواج کے انخلا کے بعد عراق میں ملکی سیکیورٹی اور دفاعی معاملات کی ذمہ داری عراقی فورسز پر مزید بڑھ گئی ہے۔



