بشریٰ انصاری کی فلمی دنیا میں واپسی، فہد مصطفیٰ کے ساتھ نئی فلم میں نظر آئیں گی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے فلمی دنیا میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ جلد اداکار فہد مصطفیٰ کے ساتھ ایک نئی فلم میں نظر آئیں گی۔

بشریٰ انصاری کے مطابق بیرونِ ملک مصروفیات مکمل کرنے کے بعد وہ پاکستان واپس آچکی ہیں اور تین نئے منصوبوں میں کام کرنے جارہی ہیں، جن میں دو ڈرامہ سیریلز اور ایک فلم شامل ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ فہد مصطفیٰ کے ساتھ بننے والی فلم کی شوٹنگ دسمبر میں شروع ہونے کا امکان ہے، تاہم فلم کی مکمل کاسٹ کو تاحال حتمی شکل نہیں دی گئی۔ معروف کامیڈین اور اداکار سہیل احمد، جنہیں ’عزیزی‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، بھی فلم کا حصہ ہوں گے۔بشریٰ انصاری کے مطابق ان کے دونوں نئے ڈراموں کی شوٹنگ بالترتیب اکتوبر اور نومبر میں شروع ہوگی۔ اداکارہ نے کہا کہ اب وہ پاکستان میں رہ کر اپنے نئے منصوبوں پر توجہ دیں گی۔انہوں نے تصدیق کی کہ رواں برس ڈرامہ ’شیدائی‘ میں نظر آنے کے بعد یہ ان کے نئے پراجیکٹس ہیں۔سماجی مسائل پر اپنے مؤقف اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ عموماً معاشرے میں پیش آنے والے اہم اور متعلقہ واقعات پر ہی بات کرتی ہیں۔میر رضا اور مصطفیٰ عامر کیسز کا حوالہ دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ جب کوئی معاملہ حد سے زیادہ تکلیف دہ محسوس ہو تو وہ اپنی رائے کا اظہار کرتی ہیں، تاہم ان کے بقول وہ ایسی بات نہیں کرتیں جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔فیشن ڈیزائنر پریشے عدنان کے ساتھ ایک ٹی وی پروگرام میں ہونے والی گفتگو پر بھی بشریٰ انصاری نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پریشے عدنان ایک باصلاحیت ڈیزائنر ہیں اور پروگرام میں گفتگو کا مرکز ان کی کامیابی ہونی چاہیے تھی، نہ کہ ان کے لباس یا ذاتی انتخاب۔پریشے عدنان نے حال ہی میں نیویارک فیشن ویک میں اپنی ’سیکنڈ سکن‘ کلیکشن پیش کرتے ہوئے شو کا اختتام کیا تھا، تاہم پروگرام میں میزبان نادیہ خان نے ان کے جم کے لباس اور والدین کی جانب سے ان کے انتخاب کو قبول کیے جانے سے متعلق سوالات کیے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button