عوام کیلئے بڑی خبر، سرکاری ٹی بلز اور بانڈز اسٹاک مارکیٹ سے خریدنے کی اجازت کا منصوبہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)عوام کو سرکاری ٹی بلز اور بانڈز کی اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے خرید و فروخت کی اجازت دینے کا منصوبہ سامنے آگیا، آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستانی روپے میں بانڈ مارکیٹ مضبوط بنانے کا ایکشن پلان جاری کردیا گیا۔وزارت خزانہ کے مطابق بانڈ مارکیٹ کو مزید فعال، شفاف اور سرمایہ کاروں کے لیے آسان بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے، جن کی تکمیل کے لیے ستمبر 2028 تک مختلف ڈیڈ لائنز مقرر کی گئی ہیں۔دستاویز کے مطابق بانڈ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانے اور سرکاری سیکیورٹیز کی خرید و فروخت کے عمل کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔وزارت خزانہ کے مطابق اس وقت بینک حکومت کی تقریباً 78 فیصد سیکیورٹیز اپنے پاس رکھتے ہیں، جبکہ حکومتی بانڈز بینکنگ سیکٹر کے مجموعی اثاثوں کا تقریباً 62 فیصد ہیں۔منصوبے کے تحت اہل صارفین اپنے بینکس کے ذریعے اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ سرکاری سیکیورٹیز کی خرید و فروخت کرسکیں گے۔ اس عمل کی نگرانی اسٹیٹ بینک، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، اسٹاک ایکسچینج اور سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) کریں گے۔حکومت اور اسٹیٹ بینک مالی سال 2027-28 کے لیے پرائمری ڈیلرز کے نظام کو بھی مزید بہتر بنائیں گے۔وزارت خزانہ کے مطابق بانڈ مارکیٹ کی بہتری سے حکومت کے لیے قرض لینے کی لاگت اور مالیاتی خطرات کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ نجی شعبے کے لیے بھی قرض اور سرمایہ کاری کی بہتر بنیاد فراہم ہوسکے گی۔

مزید خبریں

Back to top button