پنجاب میں16ادویات غیرمعیاری یا جعلی قرار،بڑاانکشاف

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پنجاب میں مختلف کارروائیوں کے دوران 16 مختلف ادویات کے غیرمعیاری، ملاوٹ شدہ یا جعلی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی رپورٹس میں متعدد ادویات کے مخصوص بیچز کو معیار پر پورا نہ اترنے والا قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں میڈیکل اسٹورز کے خلاف کارروائیوں کے دوران مشتبہ ادویات کے نمونے حاصل کیے گئے، جنہیں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز بھجوایا گیا۔ لیبارٹری رپورٹس میں متعدد ادویات کے مخصوص بیچز غیرمعیاری، ملاوٹ شدہ یا جعلی قرار دیے گئے۔
متاثرہ ادویات میں دمہ اور الرجی کی علامات کے لیے استعمال ہونے والی دوا، خون کے لوتھڑے بننے سے روکنے والی دوا، وٹامن بی کی کمی اور اعصابی مسائل کے علاج کی دوا سمیت پٹھوں کے کھچاؤ کے لیے استعمال ہونے والی دوا شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق سانس اور کھانسی کے شربت کے ایک بیچ میں مقررہ حد سے زیادہ نقصان دہ کیمیکل کی موجودگی بھی سامنے آئی ہے، جس پر متعلقہ حکام نے کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق جانوروں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی لمپی اسکن ویکسین اور مختلف بیکٹیریل بیماریوں کے علاج کی دوا کے بعض بیچز بھی غیرمعیاری یا جعلی قرار دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق سوزش اور شدید الرجی کے علاج کے لیے استعمال ہونے والے انجیکشن کی دو کھیپوں کو بھی تحقیقات مکمل ہونے تک روک دیا گیا ہے۔
متعلقہ حکام نے ہدایت کی ہے کہ رپورٹ میں متاثرہ قرار دی گئی ادویات کی فروخت اور استعمال فوری طور پر روک دیا جائے، جبکہ متعلقہ بیچز کی دستیابی اور سپلائی کے حوالے سے مزید کارروائی جاری ہے۔



