ٹرمپ کے حکم پر96گھنٹےمیں ایران کے خلاف بڑے امریکی حملے کا امکان،سی این این کا دعویٰ

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے)امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے دو امریکی عہدیداروں کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی فوج صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم کے بعد 96 گھنٹوں کے اندر ایران کے خلاف نئی اور ممکنہ طور پر بڑے پیمانے کی فوجی کارروائی شروع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مجوزہ کارروائی صرف ایرانی ریڈار سسٹم، میزائل لانچرز اور دوبارہ تعمیر کیے جاسکنے والے فوجی اہداف تک محدود نہیں ہوگی، بلکہ اس کا دائرہ کہیں زیادہ وسیع ہوسکتا ہے۔ ایک امریکی عہدیدار نے ممکنہ کارروائی کو بڑے پیمانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

سی این این کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) اور پینٹاگون ایران کے خلاف ممکنہ اہداف کی وسیع فہرست تیار کر رہے ہیں، جس میں ایرانی توانائی کا بنیادی ڈھانچہ، فوجی تنصیبات اور جوہری مراکز سمیت اہم مقامات شامل ہیں۔

رپورٹ میں بعض موجودہ اور سابق امریکی عہدیداروں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ فوجی کارروائی کا حکم دے سکتے ہیں، تاہم ان کے اگلے قدم کے بارے میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ عہدیداروں کے مطابق اگر کارروائی کی منظوری دی گئی تو یہ سال کے اختتام سے پہلے بھی ہوسکتی ہے، تاہم زیادہ امکان امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد کا ظاہر کیا گیا ہے۔

امریکی عہدیداروں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ایرانی افواج اب امریکی فوجی حکمت عملیوں سے پہلے کی نسبت زیادہ واقف ہیں، جس کے باعث تمام مطلوبہ اہداف کو تباہ کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ ماضی میں بھی وہ بعض فوجی کارروائیوں کے حق میں دکھائی دیے، لیکن آخری وقت میں پیچھے ہٹ گئے۔ اس لیے ایران کے خلاف بڑے امریکی حملے کو فی الحال طے شدہ فیصلہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔

مزید خبریں

Back to top button