سابق آرسنل اور لیورپول اسٹار جیرمین پیننٹ پر کتے کا حملہ، ٹانگ پر 50 سے زائد ٹانکے لگ گئے

لندن (جانو ڈاٹ پی کے)انگلینڈ کے سابق فٹبالر اور پریمیئر لیگ اسٹار جیرمین پیننٹ کتے کے حملے میں شدید زخمی ہوگئے، جہاں انہیں ٹانگ پر 50 سے زائد ٹانکے لگوانے پڑے۔ سابق فٹبالر کے مطابق ان کے پالتو کتے کنگ نے حملے کے دوران ان کا ساتھ دے کر انہیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

43 سالہ جیرمین پیننٹ اپنے امریکن اکیٹا نسل کے کتے کنگ کو سیر کروا رہے تھے کہ اسی دوران ایک جرمن شیفرڈ نے ان کے پالتو کتے پر حملہ کردیا۔ کنگ کو بچانے کی کوشش میں پیننٹ خود بھی حملہ آور کتے کی زد میں آگئے۔

برطانوی اخبار ’دی سن‘ سے گفتگو کرتے ہوئے جیرمین پیننٹ نے بتایا کہ واقعہ انتہائی خوفناک تھا۔ ان کے مطابق دوسرے کتے نے پہلے کنگ پر حملہ کیا، جس پر وہ اپنے پالتو کتے کو بچانے کے لیے آگے بڑھے، لیکن اسی دوران حملہ آور کتا ان پر جھپٹ پڑا۔

پیننٹ کے مطابق وہ زمین پر گر گئے اور کتے نے کم از کم پانچ سیکنڈ تک ان کی ٹانگ کو اپنے جبڑوں میں جکڑے رکھا، جس سے انہیں شدید درد اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔

سابق فٹبالر نے بتایا کہ کنگ اپنے مالک کو بچانے کے لیے فوراً آگے بڑھا اور دونوں کتوں کے درمیان لڑائی شروع ہوگئی۔ ان کے مطابق کنگ اس وقت تک ان کے ساتھ ڈٹا رہا، جب تک مدد نہیں پہنچ گئی۔

مزید خبریں

Back to top button