آئی جی پنجاب کا بڑا ایکشن ،اختیارات سے تجاوز اور کرپشن پر10ڈی ایس پیز کو سزائیں،3معطل

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت اردل رومز میں اختیارات سے تجاوز، بدعنوانی اور سرکاری امور میں غفلت ثابت ہونے پر 10 ڈی ایس پیز کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے مختلف سزائیں سنا دی گئیں، جبکہ 3 ڈی ایس پیز کو معطل کردیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ایک ڈی ایس پی کو عہدے سے تنزلی کرتے ہوئے سینئر ٹریفک وارڈن بنا دیا گیا۔ دو ڈی ایس پیز کی تنخواہوں میں تین سال کے لیے تین مراحل میں کٹوتی کی سزا سنائی گئی، جبکہ دو دیگر افسران کی انکریمنٹس منسوخ کردی گئیں۔ اس کے علاوہ تین ڈی ایس پیز کو دیگر معمولی سزائیں بھی دی گئیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واضح کیا کہ بدعنوانی، اختیارات سے تجاوز، غفلت اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے افسران و اہلکاروں کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔



