54ارب روپے سے زائد کی چینی درآمد، قومی اسمبلی میں تفصیلات پیش

وزارت تجارت کے تحریری جواب کے مطابق مالی سال 2025-26 میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 6 ہزار 373 میٹرک ٹن چینی درآمد کی گئی۔ 31 اگست 2026 تک اس چینی کی درآمد پر 54 ارب 15 کروڑ 65 لاکھ روپے سے زائد اخراجات آئے، جبکہ عالمی منڈی میں اس عرصے کے دوران چینی کی قیمت 575.56 امریکی ڈالر فی میٹرک ٹن تھی۔ درآمد پر 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی بھی ختم کردی گئی تھی۔
وزارت تجارت نے واضح کیا کہ چینی درآمد کرنے کا فیصلہ وزارت قومی غذائی تحفظ نے کیا تھا اور اس معاملے میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کا کوئی کردار نہیں تھا۔
جواب میں بتایا گیا کہ درآمد شدہ چینی میں سے ایک لاکھ 98 ہزار 668 میٹرک ٹن چینی 168 روپے 24 پیسے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جاچکی ہے، جبکہ ایک لاکھ 8 ہزار 69 میٹرک ٹن چینی تاحال ٹی سی پی کے گوداموں میں موجود ہے۔
وزارت تجارت کے مطابق گوداموں میں موجود چینی کی برآمد کے لیے ابھی تک کوئی ٹینڈر جاری نہیں کیا گیا۔



