یوکرین کے ڈرون حملے میں روسی شہر وورونژ لرز اٹھا، 3 افراد ہلاک اور 39 زخمی، صنعتی و رہائشی عمارتوں میں آگ لگ گئی

وورونژ ریجن کے گورنر الیگزینڈر گوسیف نے بتایا کہ حملوں میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ علاقائی وزارت صحت کے مطابق تین افراد ہلاک اور 39 زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرونز کا ملبہ ایک مسافر ٹرین پر بھی گرا، جس کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق زخمیوں کی بڑی تعداد اسی ٹرین میں سوار تھی۔
حملوں کے دوران متعدد صنعتی تنصیبات، ایک کاروباری مرکز، رہائشی اپارٹمنٹ کی عمارت اور ایک اسکول کے اسٹیڈیم سمیت مختلف مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ امدادی اور متعلقہ اداروں نے متاثرہ مقامات پر صورتِ حال کا جائزہ لیا۔
علاقائی حکام نے ابتدائی طور پر دو افراد کی ہلاکت اور ایک بچے سمیت 17 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی، تاہم بعد ازاں وزارت صحت نے ہلاکتوں کی تعداد تین اور زخمیوں کی تعداد 39 ہونے کی تصدیق کردی۔
گورنر الیگزینڈر گوسیف نے علاقائی حکومت کے اجلاس کا آغاز حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی سے کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے دکھ میں شریک ہیں۔



