مجوزہ ٹیلی کام قواعد 2026، پی ٹی اے کے اختیارات بڑھانے کی تجویز

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)مجوزہ ٹیلی کام مسابقتی قواعد 2026 میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اختیارات بڑھانے کی تجویز سامنے آگئی۔
پی ٹی اے نے مجوزہ ترامیم کا مسودہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کو پیش کردیا، جس میں مرجر اور ایکوزیشن سے متعلق فیصلوں پر مارکیٹ کی صورتحال تبدیل ہونے کی صورت میں کسی بھی وقت نظرثانی کا اختیار مانگا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت آئی ٹی کی جانب سے پی ٹی اے کو مرجر یا ایکوزیشن کے فیصلوں پر ایک سال کے اندر نظرثانی کی تجویز دی گئی تھی، تاہم پی ٹی اے نے ایک سال کی مدت ختم کرنے اور مارکیٹ کی صورتحال میں تبدیلی آنے پر کسی بھی وقت متعلقہ فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینے کا اختیار طلب کیا ہے۔
مجوزہ ترامیم میں پی ٹی اے کو یہ اختیار دینے کی بھی تجویز ہے کہ 25 فیصد سے کم مارکیٹ شیئر رکھنے والی کمپنی کو بھی مارکیٹ کی صورتحال اور دیگر عوامل کی بنیاد پر ایس ایم پی قرار دیا جاسکے۔مجوزہ قواعد کے تحت ایس ایم پی کمپنیوں پر سخت ریگولیٹری پابندیاں عائد کرنے، ٹیرف اور قیمتوں کے تعین کی نگرانی اور اجارہ داری یا حریف کمپنیوں کو نقصان پہنچانے والی پرائسنگ کی روک تھام کے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔پی ٹی اے اسپیکٹرم، مالی و تکنیکی وسائل اور انفرااسٹرکچر پر کمپنیوں کے کنٹرول کا بھی جائزہ لے گا تاکہ ٹیلی کام مارکیٹ میں مسابقتی ماحول برقرار رکھا جاسکے۔مجوزہ قواعد کی منظوری کے بعد ان کا نفاذ مسابقتی کمیشن کے موجودہ دائرہ اختیار کو متاثر کیے بغیر کیے جانے کی تجویز ہے۔



