اسٹیل انڈسٹری کیلئے بجلی پر سیلز ٹیکس مزید سخت کردیا گیا

 اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)اسٹیل انڈسٹری کے لیے بجلی پر سیلز ٹیکس کی شرح مزید سخت کردی گئی، فاٹا، پاٹا اور ری رولنگ ملز کو کم ٹیکس شرح کی سہولت مخصوص شرائط سے مشروط کردی گئی ہے۔

ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق ری رولرز بجلی کے ہر یونٹ پر 30 روپے سیلز ٹیکس ادا کریں گے، جبکہ فاٹا اور پاٹا کے اسٹیل میلٹرز اور کمپوزٹ یونٹس کے لیے بھی کم شرح پر ٹیکس کے حصول کی شرائط مزید سخت کردی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اگر اسٹیل یونٹس مقامی اسکریپ استعمال کریں گے تو بجلی کے ہر یونٹ پر 20 روپے جی ایس ٹی عائد ہوگا۔

ایف بی آر کے مطابق ایسے یونٹس جو 70 فیصد سے زائد درآمدی خام مال یا اسکریپ استعمال کریں گے، ان پر بجلی کے ہر یونٹ کے حساب سے 5 روپے سیلز ٹیکس لاگو ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ 5 روپے فی یونٹ کے رعایتی ٹیکس ریٹ کا اطلاق سہ ماہی خریداری یا درآمدات کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

ایف بی آر کے مطابق بجلی کے بل کے ذریعے وصول کیا جانے والا سیلز ٹیکس ایڈوانس ٹیکس تصور ہوگا، جسے بعد میں آؤٹ پٹ ٹیکس کے خلاف ایڈجسٹ کیا جاسکے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کے کنکشن کا مالک تبدیل ہونے یا کنکشن لیز پر دیے جانے کی صورت میں بھی مقررہ ٹیکس کی ذمہ داری برقرار رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button