لاہور میں 10 روزہ بسنت کی منظوری، 29 جنوری سے 7 فروری تک تقریبات ہوں گی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نئے سال 2027 کی آمد پر لاہور میں 10 روزہ بسنت منانے کی منظوری دے دی، شہر میں بسنت کی تقریبات 29 جنوری سے 7 فروری تک جاری رہیں گی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق 5 فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر بسنت کی تقریبات میں ایک روزہ وقفہ ہوگا، جس کے بعد جشنِ بسنت دوبارہ جاری رہے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ 10 روزہ بسنت پنجاب کے تہذیبی رنگ اور لاہور کی قدیم تاریخی روایت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گزشتہ بسنت کی نسبت شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ذمہ داری، احساس اور فرض شناسی کا مظاہرہ کریں اور گزشتہ بسنت کی طرح اس بار بھی ایک مثبت مثال قائم کریں۔
واضح رہے کہ تقریباً 25 سال کے وقفے کے بعد رواں سال 6 سے 8 فروری تک لاہور میں بسنت کی تقریبات منعقد ہوئی تھیں۔



