پنجاب حکومت کا روڈا منصوبوں کیلئے 15 ارب روپے تک قرض دینے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے مختلف منصوبوں کے لیے 15 ارب روپے تک قرض فراہم کرنے اور پہلے منسوخ کیے گئے قرضی بیلنس کی بحالی کی منظوری دے دی۔

دستاویزات کے مطابق پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی 15 ارب روپے تک کی رقم صوبائی اکاؤنٹ ون میں جمع کرائے گی، جس کے بعد خزانے کو اقساط کی صورت میں موصول ہونے والی رقم روڈا کو بطور قرض فراہم کی جائے گی۔

حکومت کی جانب سے روڈا کو یہ قرض طے شدہ شرائط کے تحت مالی سال 2026-27 میں ضمنی گرانٹ کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔

دستاویزات کے مطابق روڈا کے لیے پہلے منسوخ کیا گیا 2 ارب 75 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد کا قرضی بیلنس بھی بحال کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ بحال شدہ رقم دریائے راوی کے اطراف سیلاب سے بچاؤ کے اہم منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

حکام کے مطابق قرضی رقم کی بحالی کا مقصد سیلاب سے بچاؤ کے منصوبوں پر کام میں تعطل سے بچنا اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ روڈا کے لیے قرض اور ضمنی گرانٹ کی منظوری پنجاب کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے دی۔

مزید خبریں

Back to top button