ٹھٹھہ میں SSEIP اسکولوں میں داخلہ مہم، مکلی میں آگاہی ریلی

ٹھٹھہ (رپورٹ: جاوید لطیف میمن، جانو ڈاٹ پی کے) سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ پروجیکٹ (SSEIP) کے تحت ضلع ٹھٹھہ میں اسکولوں میں داخلہ مہم جاری ہے، جس کا مقصد نئے تعمیر ہونے والے تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو داخل کرانا اور والدین کو تعلیمی سہولیات سے آگاہ کرنا ہے۔
اسی سلسلے میں ضلع ٹھٹھہ کے ہیڈکوارٹر مکلی میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری پبلک اسکول مکلی سے ڈی سی چوک آفس تک آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں اسکول کے طلبہ و طالبات اور محکمہ تعلیم کے مختلف افسران نے شرکت کی۔
ریلی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری حضور بخش خاصخیلی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری نور سرائی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز زینت پروین اور زینب شاہین، اسکول پرنسپل عبدالقادر پالاری، جینڈر اسپیشلسٹ SSEIP فخرالنساء قمر اور مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر SSEIP نیاز علی جلبانی سمیت دیگر افراد شریک ہوئے۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ SSEIP کے تحت حالیہ عرصے میں تعمیر کیے گئے اسکولوں میں معیاری تعلیم کے ساتھ طلبہ کے لیے صاف اور محفوظ پینے کے پانی، سولر سسٹم، الگ واش رومز، سائنس لیبارٹریز، کمپیوٹر لیبارٹریز اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
مقررین نے والدین اور مقامی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرائیں اور انہیں معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
حکام کے مطابق داخلہ مہم کا مقصد تعلیمی اداروں میں بچوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ والدین اور کمیونٹی میں تعلیم کی اہمیت اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔



