عمرے نے زندگی بدل دی،سامعہ حجاب

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف ڈیجیٹل کری ایٹر، ٹک ٹاک اسٹار اور انسٹاگرام انفلوئنسر سامعہ حجاب نے عمرے کے سفر کو اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی کا اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے قربت نے ان کی زندگی پر گہرے اثرات مرتب کیے۔

حال ہی میں ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سامعہ حجاب نے اپنے عمرے کے سفر اور زندگی کے مشکل دور سے متعلق تجربات شیئر کیے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ دبئی میں اکیلی تھیں اور تقریباً 6 ماہ تک اپنے اپارٹمنٹ میں تنہائی کی زندگی گزارتی رہیں۔ اس دوران وہ سوشل میڈیا استعمال کرتی اور ٹک ٹاک پر لائیو سیشنز بھی کرتی تھیں۔

سامعہ حجاب کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ جنگوں کے آغاز اور دیگر حالات کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ اور افسردگی کا شکار ہوگئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں ان کے پاس کوئی نہیں تھا، چنانچہ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی، جس کے بعد انہیں عمرے کی سعادت نصیب ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ والدہ اور بھائی کے ہمراہ عمرہ کرنا ان کے لیے انتہائی خوشگوار اور یادگار تجربہ تھا۔ مکہ مکرمہ میں ایک ایسا لمحہ آیا جب انہوں نے اپنی والدہ اور بھائی کے ہاتھ تھامے ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ ان کی زندگی بدل گئی ہے۔ سامعہ حجاب نے کہا کہ اپنی والدہ کو عمرہ کرانا ان کی زندگی کی اہم ترین کامیابیوں میں سے ایک ہے۔

ریاض الجنہ میں پیش آنے والے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ وہاں بیٹھ کر دعا کر رہی تھیں کہ ان کے مداحوں نے انہیں پہچان لیا اور گلے ملنے لگے۔ اس موقع پر وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں۔

سامعہ حجاب کے مطابق وہ اس وقت اپنی زندگی کے انتہائی مشکل دور سے گزر رہی تھیں، اسی لیے مداحوں سے ملنے اور ان کی محبت دیکھنے کا لمحہ ان کے لیے بے حد جذباتی ثابت ہوا۔ انہوں نے اپنے عمرے کے تجربے کو زندگی میں سکون، امید اور مثبت تبدیلی کا ذریعہ قرار دیا۔

مزید خبریں

Back to top button