بدین میں پانی بحران پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا احتجاج، میونسپل کمیٹی پر کرپشن اور بدانتظامی کے الزامات

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) سندھ یونائیٹڈ پارٹی سٹی بدین کی کال پر شہر میں پینے کے پانی کی شدید قلت اور میونسپل کمیٹی بدین کی مبینہ بدانتظامی کے خلاف احتجاجی ریلی اور مظاہرہ کیا گیا۔

احتجاجی ریلی پریس کلب بدین سے شروع ہوئی اور شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی میونسپل کمیٹی کے دفتر پہنچی، جہاں کارکنوں اور شہریوں نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

مظاہرے کی قیادت سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مقامی رہنماؤں سید حیدر شاہ، ماجد انصاری، اقرا انصاری، کاشف رستمانی اور شاہزیب خاصخیلی نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میونسپل کمیٹی بدین کی حدود میں شامل تمام 14 وارڈز کے رہائشی صاف پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں، جس کے باعث شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ میونسپل کمیٹی بدین کو ہر ماہ تقریباً 4 کروڑ روپے کا بجٹ فراہم کیا جاتا ہے، لیکن اس کے باوجود شہریوں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مختص فنڈز مبینہ طور پر کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں، جس کی شفاف تحقیقات کروا کر ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

مظاہرین نے حکومت سندھ، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ بدین شہر میں فوری طور پر صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، میونسپل کمیٹی کے مالی معاملات کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور عوامی مشکلات کے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

احتجاجی شرکا نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات جلد تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور ایک بھرپور عوامی تحریک شروع کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button