کمپنی پارک اوکاڑہ میں صفائی کے ناقص انتظامات: غفلت برتنے پر 4 اہلکار معطل

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں\جانوڈاٹ پی کے) شہریوں کو معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک متحرک ہو گئے۔ انہوں نے کمپنی پارک اوکاڑہ کا اچانک دورہ کیا اور وہاں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غفلت کے مرتکب 4 اہلکاروں کو موقع پر ہی معطل کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے پارک میں بیوٹیفکیشن اور عوام کو میسر دیگر سہولیات کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تفریحی و عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام انتظامی افسران کو خبردار کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔
محمد اکرام ملک کا کہنا تھا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے سرپرائز وزٹس اور بلاملاحظہ ایکشن کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔



