دور دراز دیہات تک رسائی آسان بنانے کے لیے فیلڈ عملے کو 13 موٹر سائیکلیں دے دی گئیں

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ /پی کے)محکمہ لائیو اسٹاک و اینیمل ہسبنڈری بدین کی جانب سے دیہی علاقوں میں جانوروں کی صحت کی سہولیات یونین کونسل کی سطح تک پہنچانے کے منصوبے ’’لائیو اسٹاک موٹر سائیکل اینیمل ہیلتھ سروس فار رورل ایریاز ایٹ یونین کونسل لیول، لوئر سندھ‘‘ کے تحت فیلڈ عملے میں 13 موٹر سائیکلیں تقسیم کرنے اور 2026ء کے مون سون سیزن کے دوران بہترین خدمات انجام دینے والے افسران و اہلکاروں میں تعریفی شیلڈز پیش کرنے کی تقریب جیم خانہ بدین میں منعقد ہوئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک سندھ ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو، ڈائریکٹر اینیمل ہسبنڈری سندھ ڈاکٹر ارشد خانزادہ، ڈیزیز انویسٹی گیشن آفیسر سندھ ڈاکٹر عبدالمنان کھوکھر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک و اینیمل ہسبنڈری بدین ڈاکٹر دودو چانڈیو نے کہا کہ دیہی علاقوں میں مال مویشی پالنے والے افراد کو جانوروں کے علاج اور صحت سے متعلق سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے فیلڈ عملے کو جدید سہولیات اور ضروری وسائل فراہم کرنے کے ساتھ اس کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی فراہمی سے فیلڈ عملے کو آمدورفت میں آسانی ہوگی اور وہ دور دراز دیہات اور یونین کونسلوں تک کم وقت میں پہنچ سکیں گے۔ اس سے جانوروں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص، علاج، حفاظتی ویکسینیشن، بیماریوں کے پھیلاؤ کی روک تھام اور مال مویشی پالنے والے افراد کو جانوروں کی صحت کے حوالے سے ضروری رہنمائی فراہم کرنے کے عمل میں بہتری آنے کی توقع ہے انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک دیہی معیشت اور مال مویشی پالنے والے افراد کے روزگار سے براہ راست وابستہ ہے، کیونکہ جانوروں کی صحت کا انحصار بروقت علاج اور بیماریوں سے بچاؤ پر ہوتا ہے۔ فیلڈ عملے کی رسائی بہتر ہونے سے جانوروں کی بیماریوں کے باعث ہونے والے نقصانات میں کمی، دودھ اور گوشت کی پیداوار کو برقرار رکھنے اور مال مویشی پالنے والے افراد کو ان کے علاقوں میں جانوروں کی صحت سے متعلق بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی تقریب کے دوران 2026ء کے مون سون سیزن میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینے والے محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران اور دیگر عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ قدرتی آفات اور مون سون کے دوران فیلڈ عملے کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے، کیونکہ ایسے حالات میں جانوروں کی دیکھ بھال، بیماریوں سے تحفظ اور متاثرہ علاقوں میں بروقت سہولیات کی فراہمی کے لیے عملے کو مزید محنت اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا پڑتا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ موٹر سائیکلوں کی فراہمی سے فیلڈ عملے کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور محکمہ لائیو اسٹاک کی خدمات دیہی علاقوں میں مال مویشی پالنے والے افراد تک زیادہ تیزی اور مؤثر انداز میں پہنچ سکیں گی۔ انہوں نے عملے پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور لگن کے ساتھ انجام دیتے ہوئے جانوروں کی صحت کے تحفظ اور مال مویشی پالنے والے افراد کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔



