گولارچی میں تیل کمپنیوں کی بھاری گاڑیوں کے خلاف احتجاج، سڑکوں اور پل کی تعمیر کا مطالبہ

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)تحصیل گولارچی کے گاؤں مہرالدین مری میں تیل کمپنیوں کی ہیوی مشینری اور وزنی گاڑیوں کی مسلسل آمدورفت کے باعث سڑکوں کی تباہ حالی اور پل میں خطرناک دراڑیں پڑنے کے خلاف علاقہ مکینوں اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بی پی آئل کمپنی، یو ای پی آئل کمپنی اور ضلعی انتظامیہ سے تباہ حال سڑکوں اور پل کی فوری مرمت اور ازسرنو تعمیر کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کے دوران قومی عوامی تحریک کے ضلعی رہنما سائیں اصغر نوٹکانی، سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کے یوسی ڈیبی 67 کے صدر نیم راج بھیل اور دیگر مظاہرین نے کہا کہ تیل کمپنیوں کی بھاری گاڑیوں، ڈمپرز، ٹریلرز اور رِگز کی مسلسل آمدورفت سے علاقے کی سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں، جبکہ پل میں بھی خطرناک دراڑیں پڑ گئی ہیں، جس کے باعث کسی بڑے حادثے کا خدشہ ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث اسکول جانے والے بچوں، مریضوں، خواتین اور دیگر شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ پل کی خراب حالت بھی شہریوں کے لیے خطرے کا باعث بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے متعلقہ تیل کمپنیوں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ گاؤں مہرالدین مری کی تباہ حال سڑکوں اور پل کی فوری مرمت اور ازسرنو تعمیر کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے تیل کمپنیوں کا آپریشن بند کرانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔



