بدین میں آٹھ ماہ کی خدمات، سیشن جج عبدالقدوس میمن کے اعزاز میں الوداعی تقریب

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/پی کے)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن کے تبادلے کے موقع پر سیشن کورٹ بدین کے ہال میں عدالتی عملے کی جانب سے الوداعی تقریب منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالقدوس میمن نے کہا کہ تقرریاں اور تبادلے سرکاری ملازمت کا حصہ ہیں، تاہم فرائض کی ادائیگی کے دوران عوام کو انصاف فراہم کرنا اور مظلوموں کی داد رسی کرنا ہر جج کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدین میں اپنی آٹھ ماہ کی مختصر مدت کے دوران دن رات محنت کرتے ہوئے اپنے فرائض بہتر انداز میں ادا کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے اور وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں انہوں نے کہا کہ جج کی اولین ترجیح مظلوم فریادی کی فریاد سننا اور اسے انصاف فراہم کرنا ہونی چاہیے۔ انہوں نے اپنے ساتھی ججوں اور عدالتی عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی زندگی کا مقصد مظلوموں کو انصاف دلانے، ان کی فریاد سننے اور ان کی داد رسی کے لیے وقف کریں، کیونکہ بروقت انصاف کی فراہمی عدالتی نظام کا بنیادی مقصد ہے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالقدوس میمن نے مزید کہا کہ بدین میں آٹھ ماہ کے دوران عدالتی سہولیات اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے باہمی کوششوں کے ذریعے اہم اقدامات کیے گئے ہیں، جن کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ساتھی ججوں اور عدالتی عملے کی مشترکہ محنت اور تعاون سے بدین کی عدالتوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور انہیں سندھ کی نمایاں عدالتوں کی صف میں لانے کے لیے بھرپور کوششیں کی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ بدین میں اپنی تعیناتی اور خدمات کے دوران انہیں جو عزت، احترام، محبت اور تعاون ملا، اسے وہ زندگی بھر فراموش نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے اپنے ساتھی ججوں اور عدالتی عملے کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشترکہ محنت کے ذریعے عدالتی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور عوام کو انصاف فراہم کرنے کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے تقریب کے اختتام پر عدالتی عملے کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن کو سندھ کی ثقافتی سوغات اجرک، سندھی ٹوپی اور لونگی کے تحائف پیش کیے گئے اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button