خیبر پختونخوا میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، پولیس کی آپریشنل ہدایات جاری

جاری کردہ ہدایات کے مطابق کسی بھی احتجاج یا ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری عمارتوں اور تنصیبات کو نقصان پہنچانے، توڑ پھوڑ کرنے، تشدد پھیلانے اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ امن و امان میں خلل ڈالنے یا شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حالات پر نظر رکھیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
آپریشنل ہدایات میں پولیس اسٹیشنز، سرکاری عمارتوں، بینکوں، پیٹرول پمپس، تجارتی مراکز اور اہم شاہراہوں کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے، تاکہ سرکاری و نجی املاک اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیرقانونی اجتماعات، پُرتشدد سرگرمیوں اور اشتعال انگیزی سے گریز کریں، پُرامن رہیں اور قانون کی پاسداری کریں۔ عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ شرپسند عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں۔



