لالیگا میں تماشائیوں کا انوکھا احتجاج، رایو ویلیکانو اور ایتھلیٹک بلباؤ کا میچ منسوخ

اسپین(مانیٹرنگ ڈیسک) اسپینش فٹبال لیگ لالیگا میں رایو ویلیکانو اور ایتھلیٹک بلباؤ کے درمیان میچ تماشائیوں کے احتجاج کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ شائقین کی جانب سے میدان میں کاغذی جہاز اور دیگر اشیا پھینکنے کے باعث کھیل بار بار روکنا پڑا۔

ہفتے کے روز کھیلا جانے والا یہ مقابلہ انٹرنیشنل بریک کے بعد رایو ویلیکانو کا ہوم گراؤنڈ پر پہلا میچ تھا۔ میچ کے 13ویں منٹ میں، جب دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا، تماشائیوں نے میدان میں کاغذی جہاز اور دیگر اشیا پھینکنا شروع کر دیں، جس کے باعث ریفری کو کھیل روکنا پڑا۔

میدان میں بڑی تعداد میں کاغذی جہاز بکھرنے کے بعد کھیل تقریباً 10 منٹ تک معطل رہا۔ اس دوران انتظامیہ نے اسٹیڈیم میں اعلان کرتے ہوئے شائقین کو خبردار کیا کہ اگر کھیل میں خلل ڈالنے کا سلسلہ جاری رہا تو میچ ختم کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق احتجاج رایو ویلیکانو کے مالک کے خلاف کیا جا رہا تھا، تاہم احتجاج کی مخصوص وجوہات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

کھیل دوبارہ شروع ہونے کے بعد میدان میں ایک بار پھر کاغذی جہاز پھینکے گئے، جس کے باعث میچ کے 25ویں منٹ میں مقابلہ دوبارہ روک دیا گیا۔ صورتحال کے بعد اسٹیڈیم سے تماشائیوں کا انخلا شروع ہو گیا۔

بعدازاں رایو ویلیکانو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے میچ منسوخ کیے جانے کی تصدیق کر دی۔ واقعے کے باعث مقابلہ مکمل نہ ہو سکا اور فٹبال شائقین کی توجہ کھیل کے بجائے احتجاج پر مرکوز ہو گئی۔

مزید خبریں

Back to top button