قبائلی تنازعات روایات کے مطابق حل کریں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ کو قومی لڑائی نہ سمجھا جائے، سرفراز بگٹی

ڈیرہ بگٹی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ قبائلی تنازعات کو قبائلی روایات کے مطابق حل کیا جائے گا، جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو قبائلی یا قومی لڑائی کا رنگ نہیں دینا چاہیے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت آئندہ سال ترقیاتی منصوبوں میں ان علاقوں کو ترجیح دے گی جہاں ماضی میں ترقیاتی کام نہیں کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہنے والے افراد نے اپنے ہی لوگوں کو نظرانداز کیا، تاہم موجودہ حکومت کی ترجیحات میں تمام علاقے اور شہری برابر ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر کنٹریکٹ اساتذہ کی بھرتیوں کے نتیجے میں صوبے کے 99 فیصد اسکول فعال ہیں۔ حکومت کنٹریکٹ پر بھرتی ہونے والے اساتذہ اور دیگر ملازمین کے لیے پنشن اسکیم متعارف کرانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان حکومت کی اصلاحات کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں ترقی، عوامی سہولیات کی فراہمی اور میرٹ کے فروغ کو ترجیح دی جائے گی۔



