سعودی عرب پر حوثی حملوں میں امریکی شہری بھی ہلاک، مارکو روبیو کی شدید مذمت

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ حملوں میں ایک امریکی شہری بھی ہلاک ہوا ہے۔ انہوں نے حوثیوں سے حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مارکو روبیو نے ہفتے کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کو قابلِ مذمت قرار دیا۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملے، جن میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کا واقعہ بھی شامل ہے، معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھلی بے اعتنائی کا ثبوت ہیں۔ ان کے مطابق ان حملوں میں امریکی شہری سمیت متعدد افراد کی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔

مارکو روبیو نے اپنے بیان میں زور دیا کہ شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے ایسے حملے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں۔

تاہم امریکی وزیر خارجہ نے ہلاک ہونے والے امریکی شہری کی شناخت، حملے کے مقام اور واقعے کی دیگر تفصیلات جاری نہیں کیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے باعث خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔ امریکی حکومت نے ان واقعات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ اور علاقائی سلامتی سے متعلق تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button