اپنے آئینی اور قانونی مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، سہیل آفریدی

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے کی بدلتی سیاسی صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے مطالبات تسلیم کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں، آئینی و قانونی مطالبات کی منظوری تک لانگ مارچ جاری رہے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ اپنے آئینی اور قانونی مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کے مطابق لانگ مارچ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مطالبات پورے ہونے تک جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایمرجنسی یا گورنر راج سے متعلق ممکنہ اقدامات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ باضابطہ اعلان کیے بغیر اس نوعیت کے اقدامات کرنا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا کوئی فیصلہ کرنا ہے تو اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے۔

سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ایمرجنسی یا گورنر راج کے اعلان کے بعد لوگ ترکی کی مثال دینا بھول جائیں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں پالیسی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی چلے گی اور صوبے میں ان ہی کا راج ہوگا۔

وزیراعلیٰ کے اس بیان کو خیبرپختونخوا میں جاری سیاسی کشیدگی اور وفاقی حکومت کے ساتھ اختلافات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button