فلم کی ریلیز کی تاریخ پراختلاف،کرن جوہر نے ورون دھون سے رابطہ منقطع کرلیا

ممبئی(جانو ڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکار ورون دھون نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کی ریلیز کی تاریخ پر اختلافات کے باعث معروف فلم ساز کرن جوہر نے ان سے ناراضی اختیار کرتے ہوئے فون کالز اور پیغامات کا جواب دینا بند کردیا تھا۔

ورون دھون نے یہ انکشاف اداکارہ جھانوی کپور کے ہمراہ پروگرام ’کافی ود کرن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 39 سالہ اداکار نے دلچسپ انداز میں کہا کہ اس وقت کمرے میں دو ایسے افراد موجود ہیں جن سے کرن جوہر نے بات چیت بند کردی تھی اور انہیں نظرانداز کرنا شروع کردیا تھا۔ ان کا اشارہ اپنی اور جھانوی کپور کی جانب تھا۔

ورون کے مطابق جھانوی کو معلوم تھا کہ کرن جوہر ان سے ناراض ہیں، تاہم انہیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ فلم ساز ورون سے بھی خفا ہیں۔ گفتگو کے دوران جھانوی کپور نے یاد دلایا کہ ورون نے ایک موقع پر کرن جوہر کو بچہ بھی کہا تھا، جس پر ورون نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے اس بیان پر ناراض ہونے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔کرن جوہر نے اختلافات کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی فلم کی ریلیز کے لیے پہلے ہی موزوں تاریخ تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔ اسی دوران ورون دھون کی فلم بھی اسی تاریخ پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔کرن کے مطابق ورون نے پہلے انہیں بتایا تھا کہ ممکن ہے ان کی فلم بھی اسی تاریخ کو سینما گھروں میں پیش کی جائے، تاہم اس وقت ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا تھا۔ بعد ازاں جب دونوں فلموں کی ریلیز ایک ہی دن طے ہوگئی تو کرن نے ورون کی کالز اور پیغامات کا جواب دینا بند کردیا۔فلم ساز نے بتایا کہ ناراضی اس وقت مزید بڑھ گئی جب ورون نے انہیں پیغام بھیج کر بچکانہ حرکتیں چھوڑنے کا مشورہ دیا۔

مزید خبریں

Back to top button