ناسا کے سابق خلانورد کا کائنات میں خلائی مخلوق کی موجودگی پر یقین، زمین پر آمد کی تصدیق سے گریز

امریکا(جانو ڈاٹ پی کے)ناسا کے سابق امریکی خلانورد ونسٹن اسکاٹ نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ کائنات میں انسانوں کے علاوہ بھی ذہین زندگی موجود ہے، تاہم انہوں نے خلائی مخلوق کی زمین پر آمد سے متعلق کسی حتمی دعوے کی حمایت نہیں کی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 1990 کی دہائی میں دو خلائی مشنز کا حصہ رہنے والے ونسٹن اسکاٹ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ کائنات میں اربوں سیارے موجود ہیں اور ان میں سے بعض پر زمین جیسے حالات بھی پیدا ہوئے ہوں گے، جہاں زندگی نے جنم لیا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تصور کرنا مشکل ہے کہ اتنی وسیع کائنات میں صرف زمین ہی ذہین زندگی کا واحد مسکن ہو۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ کائنات میں زندگی کی موجودگی اور خلائی مخلوق کے زمین پر آنے کے دعوے دو الگ معاملات ہیں۔
ونسٹن اسکاٹ کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے نامعلوم اڑن اشیا (یو ایف اوز) سے متعلق نئی خفیہ دستاویزات جاری کی ہیں۔ ان رپورٹس میں پراسرار مخلوقات اور امریکا میں ایک نامعلوم فضائی شے کی نگرانی سے متعلق دعوے بھی شامل ہیں۔



