ریاض پر دو بیلسٹک میزائل داغ دیے گئے،سعودی دفاعی نظام نے حملہ ناکام بنادیا

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فضائی دفاعی نظام نے دو بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیے، تاہم میزائلوں کے ملبے کے ٹکڑے گرنے سے ایک سعودی شہری معمولی زخمی ہوگیا جبکہ ایک مکان اور گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق میزائلوں کو فضا میں تباہ کیے جانے کے بعد ان کے ٹکڑے مختلف مقامات پر گرے، جس کے نتیجے میں شہری زخمی ہوا اور املاک کو نقصان پہنچا۔ حکام نے واقعے سے متعلق تفصیلات بھی جاری کردی ہیں۔
اس سے قبل سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے بتایا تھا کہ فضائی دفاعی نظام نے ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو روک کر تباہ کیا۔ اتحادی افواج کے مطابق میزائل یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی دارالحکومت کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے تھے۔
سعودی حکام نے بعد ازاں تصدیق کی کہ ریاض، الخرج اور نجران میں فوری خطرہ ٹل گیا ہے، تاہم میزائلوں کے ملبے سے ریاض میں شہری اور املاک کو نقصان پہنچنے کا واقعہ پیش آیا۔



