بیمار صحافی غلام رسول بروہی کی بیٹی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا، علاج کے لیے فوری مالی امداد کی اپیل

اپنے بچوں کے علاج پر30 لاکھ روپے سے زائد خرچ کرچکا ہوں،غلام رسول بروہی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ /پی کے)ضلع بدین کے شہر شادی لارج سے تعلق رکھنے والے بیمار صحافی غلام رسول بروہی نے اپنی شدید علیل بیٹی کی زندگی بچانے اور دیگر بچوں کے علاج معالجے کے لیے سندھ حکومت، محکمہ اطلاعات، منتخب نمائندوں، ضلعی انتظامیہ اور مخیر حضرات سے فوری مالی امداد کی اپیل کی ہے

غلام رسول بروہی کے مطابق ان کا بڑا بیٹا گزشتہ چھ سال سے نواب شاہ اور حیدرآباد کے امراضِ قلب کے اسپتالوں میں زیرِ علاج ہے، جبکہ ان کی بیٹی گزشتہ تقریباً 15 سال سے ایک سنگین بیماری میں مبتلا ہے

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کے علاج پر اب تک 30 لاکھ روپے سے زائد خرچ کرچکے ہیں، جس کے باعث ان کی تمام جمع پونجی ختم ہوچکی ہے۔ خود بھی بیماری اور بے روزگاری کے باعث اب وہ مزید علاج کے اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں غلام رسول بروہی کے مطابق ان کی بیٹی اس وقت جگر اور سانس کی سنگین تکالیف میں مبتلا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اس کی طبیعت مزید بگڑ گئی ہے۔ بدین کے ڈاکٹروں نے بہتر اور مزید علاج کے لیے اسے کسی دوسرے اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا ہے، کیونکہ مقامی سطح پر اس کا مزید علاج ممکن نہیں انہوں نے بتایا کہ بیٹی کے فوری علاج کے لیے تقریباً ڈھائی سے تین لاکھ روپے درکار ہیں، تاہم مسلسل علاج پر اپنی جمع پونجی خرچ کرنے کے باعث وہ یہ رقم جمع کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے بیمار صحافی نے وزیراعلیٰ سندھ، محکمہ اطلاعات سندھ، منتخب عوامی نمائندوں، چیئرمین ضلع کونسل بدین، ڈپٹی کمشنر بدین اور مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کی مالی مدد کی جائے تاکہ ان کی بیٹی کو بروقت علاج کی سہولت فراہم کرکے اس کی زندگی بچانے کی کوشش کی جاسکے انہوں نے فلاحی اداروں، سماجی تنظیموں اور صاحبِ حیثیت افراد سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مشکل گھڑی میں ان کے خاندان کا ساتھ دیں اور علاج کے لیے فوری تعاون کرکے ایک مجبور باپ کی پریشانی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مزید خبریں

Back to top button