کراچی میں ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 کا آغاز، 150 سے زائد ممالک کے فنکار شرکت کریں گے

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 کا آغاز ہوگیا، جو 22 نومبر تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول میں 150 سے زائد ممالک کے ایک ہزار سے زیادہ غیر ملکی فنکاروں جبکہ 500 سے زائد پاکستانی فنکاروں کی شرکت متوقع ہے۔

فیسٹیول کے دوران موسیقی، تھیٹر، رقص، فلم اور بصری فنون کے مختلف پروگرام پیش کیے جائیں گے، جبکہ فلسطینی فنکاروں کی کہانیوں کو بھی عالمی ثقافتی پلیٹ فارم پر اجاگر کیا جائے گا۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ کے مطابق رواں سال فیسٹیول میں تقریباً 90 فیصد پرفارمنسز نئی ہوں گی، جبکہ گزشتہ سال کی 10 سے 15 فیصد نمایاں پرفارمنسز بھی دوبارہ شامل کی گئی ہیں۔

فیسٹیول کی اہم پیشکشوں میں فلسطینی تھیٹر ڈائریکٹر اور اداکار احمد الطوباسی کا ڈراما ’’اینڈ ہیئر آئی ایم‘‘ شامل ہے، جو 2 نومبر کو پیش کیا جائے گا۔ ڈراما ان کی زندگی، جنین کے پناہ گزین کیمپ میں گزارے گئے وقت، قید کے تجربات اور تھیٹر کی دنیا تک پہنچنے کے سفر کی عکاسی کرتا ہے۔

منتظمین کے مطابق امریکہ، ایران، عراق، فلسطین، لاطینی امریکہ، متحدہ عرب امارات، قطر، الجزائر، مراکش، ترکیہ اور مصر سمیت متعدد ممالک کے فنکار فیسٹیول میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

فیسٹیول کے تحت بصری فنون کی نمائش ’’میتھڈ اینڈ میڈنیس‘‘ بھی منعقد کی جا رہی ہے، جس میں بنگلہ دیش، جرمنی، متحدہ عرب امارات، ایران اور ایتھوپیا کے فنکاروں کے فن پارے پیش کیے جائیں گے۔ سویڈن کی میورل آرٹسٹ ڈومی فورسٹ اور سنگاپور کے فنکار یپ ییو چونگ بھی نمائش کا حصہ ہوں گے۔

ورلڈ کلچر فیسٹیول کا آغاز 29 اکتوبر کو حمزہ اکرم قوال اینڈ برادرز کی قوالی نائٹ اور ہپ ہاپ ڈانس پرفارمنس سے ہوا۔ 30 اکتوبر سے 2 نومبر تک ’’میتھڈ اینڈ میڈنیس‘‘ کے عنوان سے نمائش احمد پرویز آرٹ گیلری میں جاری رہے گی۔

31 اکتوبر کو ’’دی اوورکوٹ‘‘ سمیت مختلف تھیٹر پرفارمنسز پیش کی جائیں گی، جبکہ 2 نومبر کو احمد الطوباسی کا ڈراما شائقین کے لیے پیش کیا جائے گا۔

آرٹس کونسل انتظامیہ کے مطابق فیسٹیول کے بیشتر پروگرام عام شہریوں کے لیے مفت ہوں گے، تاہم کئی پروگراموں میں شرکت کے لیے پیشگی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 اختتام پذیر ہونے سے قبل 22 نومبر کو معروف پاکستانی گلوکار سجاد علی کی خصوصی پرفارمنس بھی پیش کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button