ہدایتکار رام گوپال ورما 29.67 کروڑ کے تنازع میں پھنس گئے

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے فلم ساز رام گوپال ورما ایک بار پھر شدید قانونی اور معاشی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ پروڈکشن ہاؤس ‘ایکلیٹنٹ فلمز’ نے ایک جریدے میں پبلک نوٹس جاری کر کے ان کے خلاف سخت موقف اختیار کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پبلک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایکلیٹنٹ فلمز نے 15 اکتوبر کو رام گوپال ورما کو قانونی نوٹس بھیجا تھا، جس میں ان سے 29 کروڑ 67 لاکھ 64 ہزار روپے کے بقایا جات ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یہ تنازع 10 اپریل 2010ء کے ایک معاہدے سے متعلق ہے، جس کے ساتھ ہی 17 اپریل 2013ء کے بمبئی ہائی کورٹ کے حکم نامے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ کمپنی نے فلم ساز کو 30 اکتوبر 2026ء تک تمام رقم کی ادائیگی کی حتمی مہلت دی ہے۔

نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ معاہدے کی رو سے جب تک رام گوپال ورما تمام بقایا جات کلیئر نہیں کر دیتے، وہ کسی بھی تیسرے فریق کے ساتھ بغیر تحریری این او سی کے فلم سازی، ہدایت کاری یا تحریر کا کام شروع نہیں کر سکتے۔

پروڈکشن ہاؤس نے تمام فلم سازوں، تقسیم کاروں، اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کو متنبہ کیا ہے کہ این او سی کے بغیر ان کے ساتھ کسی بھی معاملت کی صورت میں وہ خود ذمہ دار ہوں گے اور ان کے خلاف عدالت سے اسٹے آرڈر اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button