ایران کا نیا فوجی ڈاکٹرائن، پاسداران انقلاب کو دشمن کی سرزمین تک حملوں کی صلاحیت بڑھانے کا حکم

تہران (ویب ڈیسک) ایران نے اپنے نئے فوجی ڈاکٹرائن کے تحت پاسداران انقلاب کی جنگی صلاحیتوں میں مزید اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے دشمن کی سرزمین تک جارحانہ کارروائیاں کرنے کی صلاحیت حاصل کرنے کی ہدایت کردی۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر مشیر بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے کہا ہے کہ پاسداران انقلاب کو اپنی صلاحیتیں اس سطح تک بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ایران کی سرحدوں سے باہر دشمن کے علاقے میں بھی کارروائیاں کی جا سکیں۔

رضا نقدی کا کہنا تھا کہ ایران کو اس قابل ہونا چاہیے کہ کسی بھی جنگ کی صورت میں لڑائی کو دشمن کے علاقے تک لے جایا جا سکے اور نئے جارحانہ فوجی ڈاکٹرائن کی یہ بنیادی خصوصیت پوری کی جائے۔

ایرانی جنرل نے کسی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ پاسداران انقلاب کو ایسی صلاحیت حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جسے ضرورت کے وقت عملی طور پر استعمال کیا جا سکے۔

بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے دعویٰ کیا کہ امریکا کا جنگی بجٹ ایران کے دفاعی بجٹ سے تقریباً 100 گنا زیادہ ہے، تاہم ان کے بقول دشمن کے تمام 14 جنگی مقاصد ناکامی سے دوچار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ نئے فوجی ڈاکٹرائن کے تحت پاسداران انقلاب کی توجہ دفاع تک محدود رکھنے کے بجائے ایسی عملی اور جارحانہ صلاحیتیں پیدا کرنے پر بھی ہوگی جن کے ذریعے ایران کسی ممکنہ تنازع میں دشمن کے علاقے کو نشانہ بنا سکے۔

ایرانی حکام کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ایران کی دفاعی حکمت عملی اور عسکری صلاحیتوں پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button