اغواء برائے تاوان ’ہنی ٹریپ‘ گینگز کے خاتمے پر لاڑکانہ پولیس کو خراجِ تحسین کرتا ہوں،آئی جی سندھ

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ اغواء برائے تاوان اور ’ہنی ٹریپ‘ گینگز کے خاتمے پر لاڑکانہ پولیس کو خراجِ تحسین کرتا ہوں، جارحانہ پالیسی سے نوگو ایریاز کا خاتمہ ہوا جبکہ متعدد گینگز ختم اور سرنڈر ہوئے، حکومت سندھ، رینجرز اور انٹیلیجنس اداروں کی بھرپور معاونت پر شکریہ کہنا چاہتا ہوں۔ لاڑکانہ میں پولیس جوانوں کے بڑے کھانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ رینج میں جرائم کی مجموعی شرح میں نمایاں کمی جبکہ اغواء برائے تاوان کے کیسز تقریباً ختم ہوگئے ہیں. شکارپور، کشمور، کندھکوٹ، قمبر، لاڑکانہ کے ایس پیز کو فرنٹ لائن قیادت پر شاباش دیتا ہوں۔ ڈی آئی جی ناصرآفتاب، ایس ایس پی شاہزیب چاچڑاور مرادگھانگرو نے ایسے ممنوع علاقوں میں قیام کیا جہاں لوگ تصور نہیں کرسکتے تھے۔ قیام سے انہوں نے اپنے پولیس نفری کو یہ بتایا کہ وہ اکیلے نہیں، جو افسر فرنٹ پر آکر کمانڈ کرتا ہے تو اسکی نفری بھی دلیرانہ انداز میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف لڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھتہ کے خلاف بھرپور اور مربوط کارروائی کو ہر سطح پر یقینی بنانا ہوگا۔ سندھ پولیس کے 2576 شہداء میں 512 کا تعلق لاڑکانہ رینج سے ہے، جو کراچی کے بعد شہداء کی سب سے بڑی تعدار ہے۔ ہمارے شہیدوں کے خون کی وجہ سے ہی آج ہمارا سر فخر سے بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اگلا ہدف بھتہ خوری کے خلاف ہوگا۔ ہائی ویز پر سیکیورٹی بہتر ہونے سے عوام کا رات کے سفر پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ سیکیورٹی کے ساتھ سینس آف سیکیورٹی بھی ضروری ہے انتظامیہ سے صحت، تعلیم، سڑکوں کی بہتری کی اپیل کرتا ہوں۔ اسی طرح بہترین سیکورٹی فراہم کرتے ہوئے ہمیں بزنس، انڈسٹری، ایگریکلچر کو بحال اور امن و امان کی فضاء کو قائم رکھنا ہے۔ تھانہ کلچر میں اصلاحات کے نفاذ اور بجٹ کی مؤثر تقسیم سمیت عوام دوست رویّے کو فوقیت دیں، عزت دیں، عزت لیں غریب سائل کی داد رسی ہی پولیس کا اصل امتحان ہے۔ آپ کی نیک نامی میری نیک نامی ہے افسران و جوانوں کی کارکردگی پر فخر ہے۔ تقریب میں ڈی آئی جی لاڑکانہ، کمشنر لاڑکانہ، ایس ایس پیز، صوبائی و وفاقی سرکاری اداروں کے افسران بڑی تعداد میں پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ تقریب میں لاڑکانہ ڈویژن کے شہدائے پولیس کی بہادری،خدمات اور امن و امان کے قیام سے متعلق انکے کارہائے نمایاں اور کامیابیوں پر مبنی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ پولیس اہلکاروں نے کچے میں تعینات پولیس اہلکاروں کے چیلنجز، ہیلتھ انشورنس سہولت اور روزمرہ کی پولیسنگ پر مبنی حوصلہ افزا و پرجوش مزاحیہ اسٹیج ڈرامہ پیش کیا جس کو آئی جی سندھ سمیت تمام شرکاء نے تالیاں بجا کرداد دی۔ آئی جی سندھ نے نمایاں کارکردگی پر ایس ایس پیز اور دیگرافسران کو اسناد سے نوازا۔

مزید خبریں

Back to top button