مسجد نبویﷺکو بجلی فراہم کرنے والے گرڈ سٹیشن پر حوثیوں کا حملہ،حرمین شریفین کا تحفظ یقینی بنائینگے،ترکی المالکی

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے)سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں سرگرم اتحاد نے مدینہ منورہ میں بجلی کی تقسیم کے ایک مرکز پر رواں ہفتے ہونے والے ڈرون حملے کا ذمہ دار حوثی گروپ کو قرار دے دیا۔اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حملہ منگل کی صبح مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر 11 منٹ پر طیبہ بجلی تقسیم مرکز کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔ترکی المالکی نے کہا کہ حملے کے بعد آپریشنل جائزے اور ڈرون کے ملبے کے معائنے سے حوثیوں کے حملے کی منصوبہ بندی اور کارروائی میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

ان کے مطابق ڈرون حملے کے نتیجے میں بجلی کا ایک ٹرانسفارمر بند ہوگیا، تاہم اس واقعے سے مجموعی بجلی کے نظام کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بجلی مرکز مسجد نبوی ﷺ کو بھی بجلی فراہم کرتا ہے۔سعودی اتحاد کے ترجمان نے حوثیوں پر شہری تنصیبات کو دانستہ نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جیسے مقدس شہروں کو نشانہ بنانے کی کوشش مسلمانوں کو مشتعل کرنے کے مترادف ہے۔ترکی المالکی کے مطابق اتحاد حوثی حملوں کی روک تھام اور سعودی عرب میں حرمین شریفین، زائرین اور شہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔تاحال حوثی گروپ کی جانب سے سعودی اتحاد کے اس تازہ الزام پر کوئی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں

Back to top button