روسی سفیر کا یوکرین پر ہائبرڈ جنگ کا الزام، مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی پیشکش

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان میں روسی سفیر البرٹ خوریف نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین روس کے خلاف مکمل پیمانے کی ہائبرڈ جنگ جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ مغربی ممالک بھی کیف کی حمایت کے ذریعے اس تنازع میں ملوث ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران روسی سفیر نے الزام عائد کیا کہ یوکرینی حکومت نے روسی شہریوں میں خوف پیدا کرنے کے لیے دہشت گردانہ حربے اختیار کیے ہیں۔البرٹ خوریف کے مطابق 2022 سے 2025 کے دوران یوکرین کو فراہم کی جانے والی مغربی فوجی امداد 160 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ یوکرین کو فوجی اور مالی معاونت فراہم کرنے والے ممالک کی تعداد 54 ہے۔روسی سفیر نے مزید دعویٰ کیا کہ مغربی پابندیاں روسی معیشت کو تباہ کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ ان کے بقول روس مخالف پابندیوں کے نتیجے میں یورپی یونین کو ایک سے 1.6 ٹریلین یورو تک کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انہوں نے مغربی ممالک پر بین الاقوامی بحری قانون کی خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا، تاہم ان دعوؤں کے حوالے سے بریفنگ میں کسی آزادانہ تصدیق کا ذکر سامنے نہیں آیا۔البرٹ خوریف نے کہا کہ روس یوکرین کے بحران کا سیاسی اور سفارتی حل چاہتا ہے اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ روسی سفیر اس سے قبل بھی یوکرینی بحران کے سیاسی اور سفارتی حل کے لیے مذاکرات کی حمایت کا اظہار کر چکے ہیں۔
دوسری جانب یورپی یونین روس کے خلاف عائد پابندیوں کو یوکرین میں جنگ کے تناظر میں اپنی پالیسی کا حصہ قرار دیتی ہے اور 2026 میں بھی روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرچکی ہے۔



