پی ٹی آئی کا4اکتوبر لانگ مارچ،عمران خان سے متعلق3بڑے مطالبات سامنے آگئے

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات اور ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی، اسپتال منتقلی اور مقدمات کی جلد سماعت کے مطالبات کے لیے 4 اکتوبر کا لانگ مارچ کرنے کی تیاری مکمل ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ لانگ مارچ جنوبی اضلاع سے شروع ہوگا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی جنوبی اضلاع کے قافلے کی قیادت کریں گے، جبکہ ملاکنڈ ڈویژن کے قافلے کی قیادت صوبائی صدر جنید اکبر خان کریں گے۔ ان کے مطابق جنوبی اضلاع، پشاور، ملاکنڈ اور ہزارہ کے قافلے صوابی میں اکٹھے ہوں گے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ 4 اکتوبر کو پرامن لانگ مارچ ہر حال میں ہوگا اور اس کی تیاری مکمل ہے، جبکہ وسائل بھی رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کا انحصار حکومت کے رویے پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان تک رسائی، انہیں اسپتال منتقل کرنا اور ان کے مقدمات کی جلد سماعت اہم مطالبات میں شامل ہیں۔ عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق معاملہ اس سے قبل عدالتوں میں بھی زیرِ سماعت رہا ہے۔

شوکت یوسفزئی نے حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کو اب تک حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ فریقین نے اپنا اپنا مؤقف پیش کر دیا ہے، اب دیکھنا ہے کہ بات چیت آگے کس سمت جاتی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان 2 اکتوبر کو مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوا، جس کے بعد دونوں جانب سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button