پب جی کا کمال،لاہور میں برطانوی شہری کا بینک میں7لاکھ کا ڈاکہ،پولیس نے چند گھنٹے میں ہی دھرلیا

 لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور میں بینک ڈکیتی کی واردات کا معمہ حل ہوگیا، سیف سٹی اور آپریشنز ونگ کی مشترکہ کارروائی میں غیر ملکی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

 

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج صبح 15 پر بینک ڈکیتی کی اطلاع موصول ہوئی۔ ان کے مطابق واردات صرف 9 منٹ میں مکمل کی گئی۔

فیصل کامران کے مطابق سیف سٹی اور آپریشنز ونگ کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے واردات کو ٹریس کیا۔ گرفتار ملزم غیر ملکی شہری ہے جو 16 ستمبر کو پاکستان آیا تھا اور اس سے قبل بھی پاکستان آچکا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزم کا اپنے والدین سے جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد وہ پاکستان آیا اور پیسوں کے لیے مبینہ طور پر واردات کی منصوبہ بندی کی۔ ملزم نے گیمز دیکھ کر واردات کی منصوبہ بندی کی اور گھر کے قریب موجود بینک کو ہدف بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم نے واردات سے قبل اسلحہ اور ٹھوکر کے علاقے سے گولیاں خریدیں، جبکہ اسلحہ اور گولیاں فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

فیصل کامران کے مطابق ملزم نے رینٹ پر گاڑی حاصل کر رکھی تھی اور واردات کے بعد اسلام آباد فرار ہونے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ملزم بینک سے 7 لاکھ 32 ہزار روپے لے کر فرار ہوا تھا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزم کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا اور واردات ٹریس کی گئی۔ ان کے مطابق جس گھر کے قریب ملزم موجود تھا، اس کے بالائی پورشن میں کرایہ دار رہائش پذیر تھے۔

مزید خبریں

Back to top button