ہماری تحریک نے سیاست کا رخ موڑ دیا،حافظ نعیم

بونیر (جانو ڈاٹ پی کے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عوامی حقوق کے لیے جاری تحریک نے ملکی سیاست کا رخ موڑ دیا ہے، جبکہ ملک بھر میں نوجوان اپنے حقوق کے لیے متحرک ہیں۔
بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں عوامی تحریک جاری ہے۔ ان کے مطابق یہ تحریک کسی جماعت، خاندان یا پارٹی لیڈر کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ دیگر سیاسی جماعتیں عوام کو درپیش مسائل کو اپنی ترجیحات میں شامل نہیں کر رہیں۔ انہوں نے مہنگائی، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں کو عوام کے اہم مسائل قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بونیر میں ماربل کے 300 سے زائد کارخانے موجود ہیں جو ان کے بقول ٹیکسوں کے باعث بند ہوچکے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومتوں کو عوام کو سہولتیں فراہم کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ جماعت اسلامی نے اسی روز بونیر میں پٹرولیم لیوی کے خلاف جلسے کا اعلان بھی کیا تھا۔



