اکاؤنٹس نظام میں بڑا فیصلہ،60فیصد خالی آسامیاں ختم

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی حکومت نے اکاؤنٹس نظام میں 60 فیصد خالی مستقل آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ فنانشل ایڈوائزرز اور چیف اکاؤنٹس افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس (سی جی اے) نے وفاقی کابینہ کے 27 اگست 2024 کے فیصلے کی روشنی میں کم از کم ایک سال سے خالی مستقل آسامیوں کے خاتمے کے حوالے سے متعلقہ افسران کو مراسلہ جاری کیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق رپورٹ کے پیرا 6(i) کے تحت ایک سال یا اس سے زائد عرصے سے خالی آسامیوں کو ختم کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری اداروں کی رائٹ سائزنگ اور کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل درآمد کرنا ہے۔سی جی اے کے مطابق ایسی آسامیاں جو تبادلے، پوسٹنگ یا ترقی کے لیے مختص ہونے کے باعث خالی ہیں، انہیں ختم نہیں کیا جائے گا۔مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ہر کیڈر میں ختم کی جانے والی آسامیوں کو ویکنسی روسٹر کے مطابق بنیادی طور پر ابتدائی تقرری اور براہ راست بھرتی کے کوٹے سے منہا کیا جائے گا۔



