لاہورپولیس کا مبینہ رشوت سکینڈل،2اہلکارحوالات میں بند،تیسرے کی تلاش

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) فیصل ٹاؤن میں مبینہ رشوت ستانی اور شہریوں کو ہراساں کرنے کے الزام میں پولیس کے دو اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ تیسرے اہلکار کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق پولیس اہلکاروں قاسم، یونس اور طاہر کے خلاف شہری کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اہلکاروں پر قابل اعتراض تعلقات کا الزام لگا کر شہریوں سے مبینہ طور پر رقم وصول کرنے کا الزام ہے۔

پولیس کے مطابق رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر اہلکاروں نے مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قاسم اور طاہر کو گرفتار کرلیا، جبکہ تیسرے ملزم یونس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مقدمہ مبینہ بھتہ وصولی، ہوائی فائرنگ اور پولیس آرڈر کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال اور شہریوں کو ہراساں کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

فیصل کامران نے مزید کہا کہ شہریوں کی عزت، جان اور مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور فرائض میں غفلت یا اختیارات کے غلط استعمال پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button