حکومت اپوزیشن مذاکرات، کل آخری راؤنڈ؟ رانا ثناء اللہ کا بڑا بیان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات میں اہم پیش رفت، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مذاکرات کا اگلا دور کل ہونا چاہیے اور اس میں حتمی فیصلہ سامنے آنا چاہیے۔
مذاکرات کے دوسرے سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے مطالبات پیش کیے ہیں، اب دونوں فریق اپنی اپنی قیادت سے مشاورت کے بعد کل دوبارہ مذاکرات کریں گے۔ ان کے مطابق کوشش ہونی چاہیے کہ سیاسی رابطے برقرار رہیں اور بات چیت آخری رابطے تک نہ پہنچے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف وفاق کی پالیسی کے ساتھ کھڑی ہو، کیونکہ دہشت گردی کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور تمام فریقوں کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے علاج، مقدمات، ملاقاتوں اور گرفتار کارکنوں کے معاملات اٹھائے گئے۔ ان کے بقول ممکن ہے کہ آئندہ مذاکرات میں وزیر قانون کو بھی شامل کیا جائے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ مذاکرات میں بنیادی معاملات پر گفتگو ہوئی، تاہم فریقین نے تفصیلات میڈیا کے سامنے نہ لانے پر اتفاق کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں اور اس حوالے سے کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔
القادر ٹرسٹ کیس کی اپیل سے متعلق رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 5 اکتوبر کو اپیل مقرر ہونا محض حسنِ اتفاق ہوسکتا ہے، مذاکرات میں کسی مقدمے کو لگانے یا نہ لگانے کی بات نہیں ہوئی۔



