معیشت بچانے کا فارمولا آگیا، گوہر اعجاز نے حکومت کو راستہ بتادیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)سابق نگران وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان سود اور قرضوں کے ذریعے آگے نہیں چل سکتا، ملکی مسائل کا مستقل حل کاروبار اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور سرکاری اسکولوں میں تعلیم کا معیار بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ملک میں ضرورت کے مقابلے میں اسکولوں کی تعداد کم ہے جبکہ ہر سال لاکھوں بچے تعلیمی نظام میں داخل ہورہے ہیں۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو آئی ایم ایف کی قسط کی ادائیگی کے لیے بھی مالی دباؤ کا سامنا ہے جبکہ مجموعی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر نے اپنی برآمدات میں بہتری دکھائی ہے تاہم دیگر شعبے مطلوبہ پیش رفت نہیں کرسکے۔ ان کے مطابق کاروباری طبقہ ٹیکس دینے کے لیے تیار ہے، لیکن معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے سازگار ماحول بھی ضروری ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں مختلف ممالک کی معیشت کے حوالے سے ماہرین موجود ہیں اور دوسرے ممالک کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کاروبار اور برآمدات بڑھانے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button