ملکی نظام ری سیٹ ہونے والا ہے،برآمدات بڑھانے کا پلان،محسن نقوی کا بڑا دھماکہ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری اور مسائل کے حل کا راستہ برآمدات میں اضافے سے نکلتا ہے، اس کے لیے جامع اور عملی پلان بنانا ہوگا۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور کہا کہ حکومت میں رہ کر انہوں نے دیکھا ہے کہ اہداف مقرر کیے جائیں تو انہیں حاصل کرنا پڑتا ہے۔
وفاقی وزیر نے ایران کے اپنے حالیہ دوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں تعمیرات، آٹو انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں مختلف مصنوعات مقامی سطح پر تیار کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھی دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنا چاہیے اور اپنی برآمدات بڑھانے کے لیے عملی حکمت عملی بنانی چاہیے۔
محسن نقوی نے لاہور چیمبر کے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے جہاں بھی ضرورت ہوگی وہ تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گزشتہ چند ماہ سے بزنس پاسپورٹ کے منصوبے پر کام کر رہی ہے جبکہ تاجروں کو ویزوں کے حصول میں درپیش مشکلات کے حوالے سے متعلقہ سفارت خانوں کو بھی متوجہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بزنس پاسپورٹ کا منصوبہ وزیراعظم کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ کاروباری افراد کو بیرون ملک سفر اور ویزوں کے حصول میں درپیش مشکلات کم ہوسکیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ملک کا نظام ری سیٹ ہونے والا ہے اور اس عمل کے لیے تاجروں اور عوام کا تعاون ضروری ہے۔ ان کے مطابق نظام میں بہتری کے بعد معاملات بہتر ہوں گے اور وہ کاروباری برادری کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔



