دبئی،ابوظبی، شارجہ ایئرپورٹس پر فلائٹس کا شیڈول ہل گیا

دبئی (جانو ڈاٹ پی کے)خلیج میں بڑھتی کشیدگی کے باعث متحدہ عرب امارات کے تین بڑے ایئرپورٹس پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہوگیا، دبئی، ابوظبی اور شارجہ ایئرپورٹس پر بعض پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ کچھ منسوخ کردی گئیں۔

متحدہ عرب امارات کے ایئرپورٹس آج شام بھی کھلے اور معمول کے مطابق آپریشنل ہیں، تاہم مسافروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ علاقائی سکیورٹی صورتحال کے باعث تاخیر، پروازوں کی منسوخی اور آخری وقت میں شیڈول تبدیلیوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور چیک کریں اور سفر کے لیے اضافی وقت رکھیں۔دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی میں اضافے نے بھی خطے کی صورتحال پر تشویش بڑھا دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا تقریباً 9 ہزار مزید اہلکار خطے میں بھیج رہا ہے، جن میں بحریہ کے اہلکار اور میرینز شامل ہیں۔امریکی جنگی بحری جہازوں کی تعیناتی کے نتیجے میں اکتوبر کے آخر تک خطے میں امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کی تعداد تین تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ادھر جی 7 ممالک نے ہنگامی ذخائر سے 10 کروڑ بیرل خام تیل اور ایندھن جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس کی مربوط فراہمی انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے ذریعے فوری طور پر شروع ہونے کی توقع ہے۔علاقائی کشیدگی، ایران سے سفارتی رابطوں میں تعطل اور یمن و سعودی عرب سے متعلق بڑھتی ہوئی صورتحال کے باعث خلیجی خطے میں فضائی سفر اور توانائی کی عالمی مارکیٹ پر دباؤ برقرار ہے۔

مزید خبریں

Back to top button